تھرپارکر:کُنری کرسچن ہسپتال میں ضرورت مندوں کیلئے دیوارِ مہربانی
تھرپارکر میں کنری کرسچن ہسپتال (آن لائن) کی ایک ٹیم نے دیوارِ مہربانی پراجیکٹ کی شروعات کی ہے ،جہاں تمام مذاہب،عقیدے اور زبانوں کے لوگ اکھٹے ہو کر اس علاقے کے غریب اور پسماندہ باشندگان کیلئے اپنی توفیق کیمطابق تحائف دے رہے ہیں اور لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔
ہسپتال کی ٹیم نے اس دیوارمہربانی کا انعقاد کیا ہے تاکہ لوگ اپنی توفیق کے مطابق اس نیکی کے کام میں جتنا وہ عطیہ کرسکیں کریں اور اس دور دراز کے علاقے کُنری کے غریب لوگوں کی مدد کرسکیں۔ دیوارِ مہربانی کا انعقاد ہر مہینے کے آخری ہفتے کے دن کو کیا جاتا ہے اور اس کا سلسلہ صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک چلتا ہے،اس مہینے 28 مئی 2016 کوریورنڈ قیصر لال اور فادر جیمس کی دعا سے اس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ فادر جیمس اور قیصر لال نے بعد میں ضرورت مندوں میں اشیاء بھی تقسیم کیں۔
کُنری کرسچن ہسپتال کی ٹیم نے فادر لوئیس کا بھی نہایت شکریہ ادا کیا جنہوں نے 12 کپڑوں سے بھرے بیگ اس صدقے کے منصوبے کیلئے بھیجے،اسکے علاوہ گلفراز مشتاق کا بھی نہایت شکریہ ادا کیا جنہوں نے کراچی شہر سے کُنری تک ان اشیاء کو گاڑیوں کے ذریعے پہنچایا۔ اس کے علاوہ ہسپتال کی ٹیم نے ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کسی بھی صورت میں اس نیکی کے امدادی کام میں اپنی توفیق کیمطابق مدد کی اور دوسروں کو بھی اس خیراتی کام میں کسی بھی طرح شامل ہوکر مدد کرنے پر زور دیا۔
کُنری سندھ کا ایک دیہاتی علاقہ ہے، جہاں قریب 200,000 جنوبی پاکستانی صحرا میں رہنے والے افراد مقیم ہیں۔ اکثریتی لحاظ سے کُنری ایک مسلم علاقہ ہے لیکن یہاں بڑی تعداد میں اقلیتی ہندو اور مسیحی افراد بھی رہ رہے ہیں۔ کُنری کرسچن ہسپتال رومن کیتھولک چرچ اور چرچ آف پاکستان کے تعاون سے کام کر رہا ہے اور 1962 سے تھرپارکر کے دیہی اور قبائلی افراد کو طبی اور صحت کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔
تھرپارکر:کُنری کرسچن ہسپتال میں ضرورت مندوں کیلئے دیوارِ مہربانی
Reviewed by MeltyMag
on
5/31/2016 07:43:00 PM
Rating:
کوئی تبصرے نہیں: